لاہور:احتساب عدالت نے شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں سلمان شہباز، داماد ہارون یوسف عزیز کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔ شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ان کی عدالت سے روانگی کے بعد حمزہ شہباز کو عدالت لایا گیا اور حاضری مکمل کروائی۔
عدالت میں سماعت کے دوان شہباز شریف نے کہا کہ ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے، ساڑھے بارہ سال عوام کی خدمت کی، کبھی ایک روپیہ ٹی اے ڈی اے نہیں لیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ خدا کی قسم کھا کر کہتا ہوں قوم کے اربوں کھربوں بچائے، مجھے یقین ہے کہ اللہ کی عدالت اور آپ کی عدالت انصاف کرے گی، میرے خلاف جھوٹا مقدمہ بنایا گیا ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ آپ کے ساتھ مکمل انصاف ہوگا، اگر آپ بے گناہ ہوئے تو بری ہو جائیں گے۔
احتساب عدالت نے سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور ڈی جی نیب کو حکم دیا کہ ملزم کو گرفتار کر کے پیش کیا جائے۔
عدالت نے شہباز شریف کے داماد ہارون یوسف عزیز کے وارنٹ گرفتاری جبکہ نصرت شہباز، رابعہ شہباز اور جویریہ شہباز کو سمن جاری کرتے ہوئے شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت دس ستمبر تک ملتوی کر دی۔