اسپتال سے فرار منکی پاکس مریض ٹریس ہو گیا، گھر پر آئسولیٹ

منکی پاکس اٹک

اسلام آباد (19 اگست 2025): پمز سے فرار ہونے والے منکی پاکس مریض کو اٹک میں گھر پر ٹریس کر لیا گیا ہے، اور اسے گھر ہی پر آئسولیٹ کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ذرائع قومی ادارہ صحت نے بتایا ہے کہ ملک میں ایک اور منکی پاکس کا کیس سامنے آ گیا ہے، جس سے رواں سال رپورٹ ہونے والے ایم پاکس کیسز کی تعداد 9 تک پہنچ گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق منکی پاکس کا 42 سالہ مریض اٹک کا رہائشی ہے، جو 15 اگست کو دبئی سے اسلام آباد پہنچا تھا، بارڈر ہیلتھ سروسز کے عملے نے مریض میں ایم پاکس کی نشان دہی کی تھی اور علامات کی تصدیق کی۔

مسافر میں ایئرپورٹ پر دوران اسکریننگ منکی پاکس علامات پائی گئی تھیں، جس پر مریض کو ایئرپورٹ سے پمز منتقل کیا گیا، ٹیسٹ کے لیے مریض کا سیمپل 16 اگست کو لیبارٹری بھیجا گیا تھا، جس کے بعد قومی ادارہ صحت نے 18 اگست کو مریض میں ایم پاکس کی تصدیق کر دی۔

’ذیابطیس کے مریضوں میں ذہنی امراض، جان لیوا ڈپریشن کی شرح 50 فیصد ہو گئی‘

ذرائع کے مطابق ایم پاکس کے مریض کو ایئرپورٹ سے پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ آئیسولیشن وارڈ سے فرار ہو گیا تھا، جسے اٹک کے قریب محکمہ صحت کے تعاون سے دوبارہ ٹریس کیا گیا۔

قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ منکی پاکس کے مریض کو گھر پر آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے، اور اس کی حالت تسلی بخش ہے، رواں سال ملک میں منکی پاکس کے 9 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔ ایم پاکس کو اگست 2024 میں انٹرنیشنل ہیلتھ ایمرجنسی ڈکلیر کیا گیا تھا، جب کہ اگست 2024 کے بعد پاکستان میں 15 ایم پاکس کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔