محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران ملک بھر میں مون سون بارشیں جاری رہنے کی پیشگوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے 26 جولائی سے نئی مغربی لہر ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے بارشوں کا سلسلہ 30 جولائی تک جاری رہے گا.
محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں ملک میں داخل ہو رہی ہیں 25 اور 26 جولائی کو بلوچستان بالائی سندھ اور پنجاب، قلات خضدار لسبیلہ سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں تیز بارش کا امکان ہے.
اس دوران پنجاب اور سندھ کے اکثر مقامات پر وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہے گا.
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے 25 اور 26 جولائی کو سکھر، لاڑکانہ، دادو، نوشہروفروز کے نشیبی علاقےجبکہ 25 سے 28 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔
مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان، اور خیبرپختونخواہ کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہ۔ محکمہ موسمیات نے آندھی، شدید بارشوں کے دوران شہریوں کو محتاط رہنے اور تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے ۔