کالیسپیل: امریکی ریاست مونٹانا کے ہوائی اڈے پر دو طیارے آپس میں ٹکرا کر تباہ ہوگئے، حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست مونٹانا کے کالیسپیل سٹی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران ایک چھوٹا طیارہ کھڑے طیارے سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
کالیسپیل پولیس چیف جورڈن ونیزیو اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے بتایا کہ دوپہر تقریباً 2 بجے سنگل انجن والا طیارہ جس میں 4 افراد سوار تھے، لینڈنگ کے دوران پائلٹ کے قابو سے باہر ہوگیا اور رن وے پر گر کر متعدد پارک شدہ طیاروں سے ٹکرا گیا۔
اس تصادم کے بعد کئی طیاروں میں آگ لگ گئی جو قریبی گھاس کے علاقے تک پھیل گئی، تاہم فائر بریگیڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شعلوں پر قابو پا لیا۔
عینی شاہدین کے مطابق طیارہ رن وے کے اختتام پر کریش لینڈنگ کے بعد دوسرے طیارے سے جا ٹکرایا۔
فائر چیف جے ہیگن نے بتایا کہ مسافر خود اپنی مدد سے طیارے سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے، جن میں سے دو معمولی زخمی ہوئے اور موقع پر ہی طبی امداد دی گئی۔
قریبی ہوٹل کے منیجر رون ڈینئیلسن نے بتایا کہ انہوں نے زور دار آواز سنی اور پھر طیارے کو ٹکراتے دیکھا، جس کے بعد سیاہ دھوئیں کے گہرے بادل علاقے میں پھیل گئے۔
یہ حادثہ شہر کے جنوب میں واقع، مقامی حکومت کے زیر انتظام چھوٹے ایئرپورٹ پر پیش آیا، جو تقریباً 30 ہزار آبادی والے شمال مغربی مونٹانا کے شہر کالیسپیل کی فضائی ضروریات پوری کرتا ہے۔