کراچی: ماہ اپریل شہر قائد کے باسیوں پر بھاری گزر گیا، مختلف واقعات میں 40 افراد کو قتل کر دیا گیا جب کہ ہزاروں موٹر سائیکلیں چھینی اور چوری کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق اپریل میں شہر قائد کے باسی جرائم پیشہ عناصر کے ہاتھوں کیسے لٹے، سی پی ایل سی نے ماہانہ کرائم ڈیٹا رپورٹ جاری کر دی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک ماہ کے دوران بھتہ خوری کے 4 واقعات رپورٹ ہوئے، اور مختلف واقعات میں 40 افراد قتل کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق ایک ماہ میں کراچی کے مختلف علاقوں سے 132 گاڑیاں چوری اور چھینی گئیں، جب کہ 2446 موٹر سائکلیں بھی چوری اور چھینی گئیں۔
کراچی کے شہری راہ چلتے موبائل فونز سے محرومی کا سلسلہ بھی عروج پر رہا، اسٹریٹ کرائمز میں کمی کے دعوے ہوا ہو گئے، رپورٹ کے مطابق 30 دن میں 3599 شہری موبائل فونز سے محروم کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: جرائم کی وارداتوں میں اضافہ، تین ماہ میں 95 افراد قتل
خیال رہے کہ تواتر سے یہ کہا جا رہا ہے کہ کراچی میں جرائم کی صورت حال میں نمایاں بہتری آئی ہے، اپریل ہی میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹویٹ پر کہا تھا کہ کراچی میں صورت حال ماضی کے مقابلے میں بہت بہتر ہے۔
14 اپریل کو سی پی ایل سی کی رپورٹ تھی کہ تین ماہ میں کراچی میں 95 افراد قتل کیے گئے اور جرائم کی وارداتوں کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
گزشتہ ماہ ہزاروں موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں چوری کرنے والے مختلف گروہوں کو بھی گرفتار کیا گیا لیکن وارداتوں میں کوئی کمی نہیں آئی۔
12 اپریل کو آئی جی سندھ نے خبردار کیا کہ شہر کے 77 مقامات کے لیے دہشت گردی کے تھریٹ الرٹس موجود ہیں۔