لندن: برطانوی دارالامرا کے رکن لارڈقربان کا کہنا ہے کہ چند ہفتے قبل برطانوی وزیر خارجہ برائے جنوبی ایشیا سے ملاقات ہوئی انہیں بتایا مودی ووٹوں کے لیے کشمیر میں ایڈونچر کروا سکتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے برطانوی دارالامرا کے رکن لارڈ قربان کا کہنا تھا کہ مارک فیلڈ کو یہ بھی بتایا تھا کہ بھارت کشمیر میں مزید فوج بھیجنے کیلئے جواز پیدا کرے گا۔
ان کے مطابق ملاقات میں بتایا کہ بھارتی حکومت ووٹ حاصل کرنے کے لیے کچھ بھی کرواسکتی ہے، برطانوی وزیر کو پلوامہ حملے سے قبل مودی کے عزائم سے آگاہ کر دیا تھا۔
بھارت کشمیر میں 70 سالوں سے ظلم و ستم کی انتہا کررہا ہے: مشعال ملک
واضح رہے کہ گذشتہ دنوں قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلواما میں فائرنگ کرکے 4 کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔
خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ حملے کے بعد بھارت پاکستان پر مسلسل ہرزہ سرائی کررہا ہے، بدحواس بھارتی میڈیا بھی پاکستان پر الزام تراشے سے باز نہ آئے۔
دو روز قبل آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا، لائن آف کنٹرول کے دورے کے موقع پر آرمی چیف کو ایل او سی کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا۔