واشنگٹن : موڈیز کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مقررہ اہداف حقیقت پسندانہ نہیں تاہم مالیاتی خسارے میں کمی کاعزم مثبت اشارہ ہے۔
عالمی ریٹنگز ایجنسی موڈیز نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کا تجزیہ جاری کردیا، موجود حکومت کی جانب سے پیش کردہ آئندہ مالی سال کے بجٹ پر عمل پیرا ہونے میں رسک فیکٹر زیادہ ہے۔
موڈیز کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کیلئے مالیاتی خسار ے کو جی ڈی پی کے چار اعشاریہ ایک فیصد تک محدود رکھنے کا ہدف مقرر جبکہ ترقیاتی اخراجات میں اضافے پر زور دیا گیا ہے۔
موڈیز کے مطابق حکومت کا ماننا ہے کہ معاشی ترقی کیلئے ترقیاتی منصوبے انتہائی اہم ہیں، اس وقت پاکستان کے قرضوں کاحجم جی ڈی پی کے تناسب سے سڑسٹھ فیصد ہوگیا ہے۔
عالمی ریٹنگز ایجنسی کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال میں ٹیکس اہداف کا حصول مشکل نظر آتا ہے، اس کے علاوہ عام انتخابات کے باعث موجودہ حکومت پر عوامی اخراجات میں اضافہ کیلئے دباؤ بڑھے گا۔