کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی کا اپنے خلاف عدالتی فیصلے پر ردِعمل

کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی کا اپنے خلاف عدالتی فیصلے پر ردِعمل

کراچی : کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی کا اپنے خلاف عدالتی فیصلے پر ردعمل سامنے آگیا، جس میں انھوں نے کہا اپیل کرنے کے اپنے قانونی حق کا استعمال کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مونس علوی نے اپنے خلاف حالیہ عدالتی فیصلے پر گہرے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

مونس علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا نے کہا ہے کہ پیشہ ورانہ معاملات میں ہمیشہ دیانتداری اور وقار کی اقدار کو برقرار رکھا ہے اور تمام افراد کے لیے ایک محفوظ اور باوقار کام کی جگہ فراہم کرنے کے حامی رہے ہیں۔

سی ای او نے کہا:”یہ فیصلہ میرے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے، اگرچہ میں عدالتی نظام اور اس کے اداروں کا احترام کرتا ہوں، لیکن کہنا چاہتا ہوں کہ نتائج میری تجربہ کردہ صورتحال کی حقیقت کی عکاسی نہیں کرتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ "میں اپنے قانونی مشیروں کے ساتھ اس فیصلے کا جائزہ لے رہا ہوں اور اپیل کرنے کے اپنے قانونی حق کا استعمال کروں گا اور قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے سچ سامنے لانے کے لیے پرعزم ہوں۔”

لوگوں کی حمایت کے لیے شکر گزار ہوں جو مجھے جانتے ہیں، جنہوں نے میرے ساتھ کام کیا ہے، اور جو قانونی عمل پر یقین رکھتے ہیں۔

یاد رہے صوبائی محتسب برائے ورک پلیس ہراسمنٹ جسٹس ریٹائرڈ شاہ نواز طارق نے خاتون کو ہراساں کرنے کا الزام ثابت ہونے پر سی ایس او کے الیکٹرک کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔

صوبائی محتسب نے سی ای او کے الیکٹرک پر 25 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا تھا۔