مونس الٰہی نے اپنے خلاف کرپشن ریفرنس پر ردعمل دے دیا

مونس الٰہی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتار جاری

رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) مونس الٰہی نے اپنے اور والد پرویز الٰہی کے خلاف نیب کی جانب سے دائرہ کردہ کرپشن ریفرنس پر ردعمل دے دیا۔

مونس الٰہی نے اپنے بیان میں کہا کہ نیب نے پریس ریلیز میں کہا میں اور میرے والد پرویز الٰہی کرپشن میں ملوث ہیں، انہوں نے ہمارے خلاف 744 ملین کی رقم کا دعویٰ کیا اور ریفرنس دائر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اکاؤنٹس میں موجود تمام رقم بشمول 1 ملین یورو ڈکلیئرڈ ہیں، ان کا ریکارڈ ایف بی آر میں ذرائع اور منی ٹریل کے ساتھ اندراج ہے۔

مونس الٰہی نے کہا کہ نیب نے عدالت میں نائن سی کی درخواست دائر کی اور ہمیں الزامات سے بری قرار دیا، نیب کو چاہیے کہ کیس بنانے سے پہلے اپنی عدالتی کارروائی پر نظر ڈالا کریں، اس نے عدالت میں بیان دیا کہ چھان بین کے بعد ان کے اثاثے لیگل قرار دے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پرویز الٰہی، مونس الٰہی و دیگر کے خلاف گجرات منصوبوں میں کک بیکس کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد نیب نے ملزمان کے خلاف ایک ارب 23 کروڑ کا ریفرنس دائر کر دیا۔

نیب نے گجرات منصوبوں میں کک بیکس پر ایک ارب 23 کروڑ کا ریفرنس احتساب عدالت لاہور میں دائر کیا جس میں پرویز الٰہی اور مونس الٰہی مرکزی ملزم نامزد کیے گئے۔ نیب نے ریفرنس میں استدعا کی کہ احتساب عدالت ٹرائل کر کے ملزمان کو سزا دے۔

ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ مرکزی ملزمان و دیگر قومی خزانے کو نقصان پہنچانے میں قصور وار پائے گئے، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کیا اور رشوت وصول کی۔

ریفرنس کے مطابق مرکزی ملزمان نے گجرات کیلیے غیر قانونی طور پر 116 اسکیمیں منظور کروائیں۔ دونوں نے من پسند ٹھیکے داروں کو کنٹریکٹ دلوا کر رشوت وصول کی۔ رشوت اور کک بیکس کی مد میں ملزمان نے مل کر 1 ارب 23 کروڑ روپے سے زائد کا مالی فائدہ لیا۔