پشاور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخوا میں موسلا دھار بارشیں 17 جولائی 2025 تک وقفے وقفے سے جاری رہیں گی، دیر، سوات، چترال، کوہستان اور مالاکنڈ سمیت کئی اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔
پشاور، مردان، نوشہرہ، صوابی اور ایبٹ آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 14 تا 17 جولائی 2025 ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ مانسہرہ، ایبٹ آباد، چترال اور کوہستان میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شدید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر کے پیشگی اقدامات کی ہدایت کر دی گئی جبکہ ریسکیو 1122 اور امدادی ٹیموں کو تیار رہنے کا حکم دے دیا گیا۔ حساس مقامات و شاہراہوں پر ٹریفک کنٹرول کیلیے اقدامات کی بھی ہدایت کی گئی۔
پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی کہ ندی نالوں کی صفائی یقینی بنائی جائے کیونکہ اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ اتھارٹی نے کسانوں کو فصل کی جلد کٹائی اور محفوظ ذخیرہ کرنے، قومی و صوبائی شاہراہوں پر محتاط ڈرائیونگ اور متبادل راستوں کے استعمال کی ہدایت کی۔
ژالہ باری و آندھی کے دوران عوام محفوظ مقامات پر پناہ لیں، ایمرجنسی سروسز فعال ہے لہٰذا عوام 1700 پر اطلاع دیں، موسمی الرٹس مقامی زبانوں میں نشر کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔