کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں تماشائیوں کی تعداد نے تاریخ رقم کر دی۔
حالیہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران نیا ریکارڈ بن گیا اور یہ ٹورنامنٹ اب تک کا سب سے زیادہ تماشائیوں کے شرکت کرنے والا آئی سی سی ایونٹ بن گیا۔
ہندوستان میں چھ ہفتے تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ کے دوران کل ساڑھے بارہ لاکھ سے زائد شائقین نے شرکت کی جس نے تعداد کے اعتبار سے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں 2015 کے ایونٹ میں شرکت کرنے والے 10 لاکھ تماشائیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں 90 ہزار سے زائد شائقین نے بھارت اور آسٹریلیا کے مابین ورلڈکپ فائنل میچ دیکھا۔
آسٹریلیا نے اس ٹائٹل کے فیصلہ کن مقابلے میں ہندوستان کے خلاف چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ پیٹ کمنز کی ٹیم نے اوپنر ٹریوس ہیڈ کی پلیئر آف دی میچ کارکردگی کی بدولت چھٹا ورلڈ کپ ٹائٹل اپنے نام کیا۔
2015 کا ایونٹ تاریخ کا دوسرا سب سے زیادہ شائقین کی شرکت کرنے والا کرکٹ ورلڈ کپ ہے جبکہ انگلینڈ اور ویلز میں 2019 کے ایڈیشن میں 752,000 شائقین نے شرکت کی۔
2023 کے کامیاب ورلڈ کپ کے دوران حاضرین کی تعداد نئی بلندی واحد ریکارڈ نہیں تھا بلکہ اس ایونٹ نے نشریاتی اور ڈیجیٹل ناظرین کے ریکارڈ کو بھی توڑا ہے۔