کراچی میں حالیہ بارشوں میں 18 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، گورنر سندھ

کراچی (25 اگست 2025): گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ شہر قائد میں حالیہ بارشوں کے دوران 18 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی میں حالیہ بارش سے ہونے والی تباہ کاریوں پر بات کی اور کہا کہ ان بارشوں کے دوران شہر قائد میں 18 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔ طوفانی بارش سے تاجروں کا اربوں کا نقصان ہوا جب کہ لوگ محصور ہو کر رہ گئے تھے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ بارشوں نے شہر میں بڑی تباہی مچائی اور لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔ کوشش کر رہے ہیں بارش سے متاثر افراد کو چھوٹے کاروبار لگا کر دیں۔

کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد گورنر کے پاس کوئی خاص ایگزیکٹو اختیارات نہیں۔ تاہم صوبے کے آئینی سربراہ کے طور پر جب کسی کو ہدایت دی تو اس نے عمل کیا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس گورنر ہاؤس سے کبھی کوئی ذاتی کام، یا عوام کے ٹیکس کا پیسہ استعمال کر کے پروگرام نہیں کیا۔ تین سالوں میں کبھی تنخواہ نہیں‌ لی. 148 بچوں کو اسکالر شپ پر باہر بھیجا۔ 10 لاکھ مستحقین میں‌ راشن تقسیم کیا

واضح رہے کہ شہر قائد میں گزشتہ ہفتے ہونے والی بارشوں کے دوران متعلقہ اداروں کی نا اہلی کھل کر سامنے آ گئی۔ پورا کراچی سوئمنگ پول کا منظر پیش کرنے لگا۔

ہزاروں افراد پانی میں پھنس کر رہ گئے۔ نشیبی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہونے سے رہائشی افراد نے چھتوں پر پناہ لی۔ شہر کے اکثر حصہ میں بجلی معطل ہوگئی اور کئی علاقوں میں پانچ دن گزرنے کے بعد بجلی بحال نہیں ہوئی۔

https://urdu.arynews.tv/reason-behind-karachi-drown-in-rains-experts-reveal/