وزیر اعظم کی حکمت عملی کا نتیجہ، صرف ایک ادارے کی آمدن میں 25 ارب سے زائد کا اضافہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت کے اداروں میں اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں، این ایچ اے کی آمدن میں 25 ارب 80 کروڑ روپے کا ریکارڈ اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی حکمت عملی کا نتیجہ سامنے آ گیا، وزراتِ مواصلات نے کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی آمدن میں 25 ارب 80 کروڑ روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا۔

وزارتِ مواصلات کا کہنا ہے کہ وفاقی ادارے کے ریونیو میں پچھلی حکومت کی نسبت 66 فی صد اضافہ ہوا ہے، موجودہ حکومت میں کل ریونیو 63 ارب 61 کروڑ ہو گیا۔

وزارتِ مواصلات کی جانب سے جاری تفصیلات سے معلوم ہوا ہے کہ احتساب کے عمل سے 11 ارب 90 لاکھ روپے بھی وصول ہو گئے ہیں، سی پیک کی اہم شاہراہوں پر کام اور مکمل مغربی روٹ کا بھی آغاز ہو چکا، اب ادارے کو خود کفیل بنانے کا بزنس پلان شروع کر دیا گیا ہے۔

این ایچ اے کے منصوبوں میں سابق حکومتوں کے دوران اربوں کے گھپلے کا انکشاف

جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم کی سادگی مہم سے اخراجات میں 29 کروڑ روپے کی کمی ہوئی ہے، زیر قبضہ ڈھائی ارب کی غیر قانونی زمین بھی واگزار کرائی گئی ہے۔

یاد رہے کہ چند ماہ قبل آڈیٹر جنرل آف پاکستان کےخصوصی آڈٹ میں سابق دور حکومت میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے منصوبوں میں اربوں کے گھپلے کا انکشاف ہوا تھا، صرف لواری ٹنل منصوبے میں حکومتی خزانے کو 3 ارب 55 کروڑ سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا تھا۔