لاہور: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں 7 ہزار 832 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس، 15 ہزار 155 کو حساس قرار اور 27 ہزار 475 پولنگ اسٹیشنز کو نارمل قرار دے دیا۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کے باہر کم از کم 6 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے، تاہم ان پولنگ اسٹیشنز کیلیے 46 ہزار 992 پولیس اہلکار درکار ہوں گے۔
اسی طرح حساس پولنگ اسٹیشنز کیلیے 75 ہزار 775 اہلکار درکار ہوں گے جبکہ الیکشن ڈیوٹی کیلیے مجموعی طور پر 2 لاکھ 32 ہزار 667 اہلکار تعینات ہوں گے۔
متعلقہ: الیکشن کمیشن نے سکیورٹی اہلکاروں کیلیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا
ذرائع کے مطابق ایک حلقہ میں کوئیک رسپانس فورس کے طور پر 200 اہلکار تعینات ہوں گے، فورس کیلیے 28 ہزار سے زائد اہلکار درکار ہوں گے۔
علاوہ ازیں، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کیلیے 31 ہزار 328 اہلکار درکار ہوں گے، حساس پولنگ اسٹیشنز کیلیے 45 ہزار 465 جوان درکار ہوں گے۔