فٹبال ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں شکست کے بعد ٹرافی جیتنے کا خواب ٹوٹنے پر مراکشی کھلاڑی اور پرستار رو پڑے۔
گزشتہ شب قطر کے دوحہ اسٹیڈیم میں فٹبال ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن فرانس نے مراکش کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
ایک جانب جشن منایا گیا تو دوسری جانب ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ادھورا رہ جانے پر مراکشی کھلاڑی اور شائقین اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھیں چھلک پڑیں۔
فیفا ورلڈ کپ 2022 میں دو سابق عالمی چیمپئنز اسپین اور پرتگال کو شکست دے کر پہلی بار سیمی فائنل کا اعزاز پانے والی پہلی مسلم افریقی ٹیم مراکش نے میگا ایونٹ میں شاندار پرفارمنس کا سلسلہ جاری رکھا جس کے باعث مراکش کے عوام اور ٹیم کے مداحوں سمیت دنیا بھر میں فینز کو اس کے فائنل میں پہنچنے کی قومی امیدیں تھیں۔
مراکش کے مختلف شہروں میں لوگوں نے بڑی اسکرینز پر میچ دیکھنے اور ٹیم کی جیت پر جشن منانے کا انتظام کیا ہوا تھا مگر شکست پر مراکشی عوام مایوسی کا شکار ہوئے۔ صرف مراکش ہی نہیں دیگر اسلامی ممالک میں ٹیم کے مداح اس ہار پر افسردہ دکھائی دیے۔
یہ بھی پڑھیں: شکست کے باوجود مراکشی کھلاڑی سجدہ ریز، دلوں کو چھو لینے والی ویڈیو وائرل
ٹیم کی شکست پر البیت اسٹیڈیم میں موجود مداح نہ صرف اُداس ہوگئے بلکہ رونے بھی لگے اور ٹی وی اسکرینز پر کئی بار کھلاڑیوں اور شائقین کی نم آنکھوں کے جذبابی مناظر دکھائے گئے جس کو دنیا بھر میں ٹی وی پر دیکھنے والے ناظرین بھی دل گرفتہ ہوگئے۔