سیمی فائنل سے قبل مراکشی فٹبال شائقین کے ساتھ دھوکہ ہوگیا

مراکش کی ایئر لائن رائل ایئر ماروک نے آج قطر کے لیے روانہ ہونے والی اپنی تمام پروازیں اچانک منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹر کے مطابق ایئر لائن نے اپنے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا کہ فیفا ورلڈ کپ سیمی فائنل کے لیے شائقین کو دوحہ لے جانے والی آج تمام طے شدہ تمام پروازوں کو منسوخ کر دیں۔

ایئر لائن نے مسافروں کو ایک ای میل کے ذریعے بتایا: ’قطری حکام کی طرف سے عائد کردہ پابندیوں کے بعد ایئر لائن اپنے صارفین کو قطر نہیں لے جا سکتی جس کے لیے معذرت خواہ ہیں۔‘

قطری حکومت کے بین الاقوامی میڈیا آفس نے اس متعلق کسی بھی قسم کا بیان جاری کرنے سے معذرت کی ہے۔

کچھ روز قبل ایئر لائن نے بتایا تھا کہ مراکش اور فرانس کے درمیان سیمی فائنل میچ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے شائقین کو قطر لے جانے کے لیے 30 اضافی پروازیں آپریٹ کریں گی جبکہ گزشتہ روز رام ٹریول ایجنسی کے ایک ذرائع نے بتایا تھا کہ سیمی فائنل کے لیے صرف 14 پروازیں طے کی گئی تھیں۔