پی ٹی آئی کے بیشتر ارکان ’’شیر افضل مروت‘‘ کی پارٹی میں واپسی کے حامی

عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل مروت کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل

اسلام آباد (8 اگست 2025): پاکستان تحریک انصاف کے بیشتر ارکان رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کے پارٹی میں واپسی کے حامی ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بیشتر ارکان رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کی پارٹی میں واپسی کے حامی ہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کا اہم اجلاس ہوا جس میں شیر افضل کی پارٹی میں واپسی کی کوششیں تیز کی گئی ہیں۔

جو رہنما شیر افضل کی پی ٹی آئی میں واپسی چاہتے ہیں، ان میں پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر بھی شامل ہیں۔

ان کے علاوہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، شہریار آفریدی، نثار جٹ ودیگر رہنما بھی شیر افضل کو پارٹی میں واپس لانا چاہتے ہیں اور ان ارکان کی رائے ہے کہ شیر افضل مروت کو پارٹی میں واپس لینے کے لیے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے سفارش کی جائے۔

تاہم چند ارکان کی رائے ہے کہ شیر افضل کی پارٹی میں واپسی کے لیے کوئی قدم اٹھانے سے قبل پہلے انہیں بیان بازی سے روکا جائے اور ماحول کو سازگار بنایا جائے جب کہ بعض ارکان کا موقف یہ تھا کہ یہ گارنٹی کون دے گا کہ شیر افضل متنازع بیان بازی نہیں کریں گے۔

ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی نے کہا کہ ارکان کی اکثریت نے مروت کی پارٹی میں واپسی کی سفارش کی ہے جب کہ ڈاکٹر نثار جٹ نے کہا کہ ہم بانی پی ٹی آئی عمران خان سے سفارش کریں گے کہ شیر افضل مروت کو واپس لیا جائے۔

دوسری جانب شیر افضل مروت نے اپنے بیان میں کہا کہ میں ان ارکان کا مشکور ہوں جو مجھے پی ٹی آئی میں واپس دیکھنا چاہتے ہیں۔ میں خود بھی پارٹی میں واپس آنا چاہتا ہوں۔ میرے خلاف بلاجواز بیان نہ دیں تو مزاحمتی بیان نہیں دوں گا۔ مجھ پر تنقید ہو تو خاموش نہیں رہ سکتا، تاہم سخت جملوں سے اجتناب کروں گا۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے رواں برس 12 فروری کو شیر افضل مروت کے غیر ضروری بیانات پر انہیں پارٹی سے نکالنے کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکریٹری جنرل فردوس شمیم نقوی نے مروت کو پارٹی سے خارج کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

https://urdu.arynews.tv/sher-afzal-marwat-expelled-pti-imran-khan/