اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کی حمایت اور ریاستی سرپرستی مکمل طور پر بے نقاب ہو چکی ہے، امریکہ کے افغانستان پرحالیہ حملے میں 13 بھارتی ایجنٹوں کی ہلاکت اس بات کا کھلا ثبوت ہے۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے گزشتہ روز اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں مطالبہ کیا کہ عالمی برادری بھارت کی افغانستان کے راستے پاکستان میں تخریبی اور دہشت گردی کی سرگرمیوں کا نوٹس لے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان اور بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ا یجنٹ کلبھوشن یادیو کے پاکستان میں دہشت گردی کے اعترافی بیانات اور حال ہی میں افغانستان میں مدر آف آل بم کے دھماکے میں 13را ایجنٹوں کی ہلاکت بھارت کیخلاف ناقابل تردید ثبوت ہیں۔
امریکا نے افغانستان پر دنیا کا سب سے بڑا بم گرادیا
نفیس ذکریا نے ٹی ٹی پی کے سابق ترجمان کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ احسان اللہ احسان کا کیس کلبوشن یادیو سے مختلف ہے ، ٹی ٹی پی کے سابق ترجمان نے رضاکارانہ طور پر خود کو سیکورٹی فورسز کے حوالے کر دیا اور اس نے بھی افغانستان میں بھارتی را ایجنٹوں کی موجودگی،دہشت گردوں کی سرپرستی اور افغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
پاک فوج کی کارروائیوں سے تنظیم میں مایوسی پھیل گئی‘ احسان اللہ احسان
ترجمان نے حال ہی میں افغانستان میں مدر آف آل بم کے دھماکے میں 13بھارتی را ایجنٹوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ خطے بالخصوص پاکستان میں بھارت کی تخریبی اور دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی ناقابال تردید ثبوت ہے۔