پاک فضائیہ کے جانباز پائلٹ راشد منہاس شہید کی والدہ وفات پاگئیں

کراچی : پاک فضائیہ کے جانباز پائلٹ راشد منہاس شہید نشانِ حیدر کی والدہ بیگم رشیدہ منہاس وفات پا گئیں، سربراہ پاک فضائیہ نے رشیدہ منہاس کی وفات پر اظہار تعزیت ‌کیا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ سربراہ پاک فضائیہ نے راشد منہاس شہید کی والدہ بیگم رشیدہ منہاس کی وفات پر اظہار تعزیت ‌کیا۔

ایئرچیف نے تعزیتی پیغام میں مرحومہ کے ایصال ثواب کےلئےدعا کرتے ہوئے اللہ خاندان کودکھ صبروہمت سےبرداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

خیال رہے کراچی میں جنم لینے والے راشد منہاس ملکی تاریخ کا ایک ایسا درخشاں ستارہ ہیں، راشد منہاس کے انسٹرکٹر پائلٹ مطیع الرحمان نے ان کے T-33 تربیتی طیارے کو ہائی جیک کرنے کے بعد بھارت لے جانے کی کوشش کی تو راشد نے اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے طیارے کو ملکی سرحد عبور کرنے سے پہلے زمین سے ٹکرا دیا۔

راشد منہاس کی وطن سے لازوال محبت اور ناقابل فراموش شجاعت کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں نشان حیدر کا اعزاز عطا کیا، راشد منہاس کا شمار ملک کے ان جری جوانوں میں ہوتا ہے، جنہوں نے اپنی جان مادر وطن پر قربان کر دی لیکن ملکی وقار پر آنچ نہیں آنے دی۔