بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کا شاہراہوں پر داخلہ بند

بغیر ہیلمٹ

لاہورمیں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کا تمام شاہراہوں پر داخلہ بند کردیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سی ٹی او مستنصر فیروز کا کہنا ہے کہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو مصروف شاہراہ پر نہیں آنے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چھ ماہ میں 8 لاکھ 10 ہزار بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کیخلاف کارروائی کی گئی، کریک ڈاؤن سے حادثات میں نمایاں کمی ہوگی۔

سی ٹی او کا کہنا ہے کہ مال روڈ پر 95 فیصد شہریوں کا ہیلمٹ پہننا خوش آئند ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے تمام اضلاع میں موٹرسائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ پہننا لازمی قرار دیا گیا تھا۔

ڈی آئی جی ٹریفک پولیس پنجاب کی جانب سے فوری عملدرآمد کے لیے مراسلہ جاری کیا گیا تھا، مراسلہ تمام اضلاع کے چیف ٹریفک آفیسرز اور ٹریفک پولیس آفیسرز کو جاری کیا گیا تھا۔

مراسلے میں کہا گیا تھا کہ خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

مراسلے کے مطابق موٹر سائیکل سواروں کے لے لازمی ہیلمٹ پہننے کا فیصلہ قیمتی جانوں کے بڑھتے ہوئے واقعات اور روڈ سیفٹی کے باعث کیا گیا۔