اسلام آباد : پاکستان اور سوئٹزر لینڈ کے درمیان قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے، وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ دونوں ممالک کےدرمیان سیاحت کوفروغ دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے لئے تقریب کا انعقاد کیا گیا، وزیراعظم شہبازشریف اور سوئزرلینڈ کے وزیرخارجہ نے تقریب میں شرکت کی جبکہ وزیراطلاعات مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیرشیری رحمان بھی موجود تھیں۔
تقریب میں پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے ویژن کے تحت مفاہمتی یادداشت اہم قدم ہے۔
اس سے قدرتی آفات کے نقصانات کی پیشگوئی، فوری امدادی کارروائیوں اور بحالی کےاقدامات میں تعاون کو فروغ ملے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوئٹزرلینڈکےوزیرخارجہ کےدورےکاخیرمقدم کرتے ہیں ، سوئس وزیرخارجہ سےمفید اورتعمیری بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت قدرتی آفات سے نمٹنے کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ماضی کی طرح وسائل کو ضائع نہیں کرنا چاہتے، جدید ٹیکنالوجی اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھائیں گےاور سیاحت کوفروغ دیں گے، خطے میں دیرپا امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔