پہاڑی علاقوں میں سیاحت محدود کرنے کی ایڈوائزری جاری

این ڈی ایم اے نے مون سون کی شدت کے باعث پہاڑی علاقوں میں سیاحت محدود کرنے کی ایڈوائزری جاری کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم اے کی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ آفات سے متاثرہ علاقوں میں عوامی تحفظ کےلیے سیاحتی پابندیاں نافذ کی جائیں، این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو سیاحتی سرگرمیوں پر فوری اقدامات کی ہدایت بھی کی ہے۔

این ڈی ایم اے نے کہا کہ مون سون اسپیلز کے دوران خطرناک علاقوں میں عوامی آمدورفت محدود کی جائے، ضرورت پڑنے پر دفعہ 144 کے تحت سیاحتی پابندیاں نافذ کی جا سکتی ہیں

جاری ایڈوائزری میں این ڈی ایم اے کا مزید کہنا تھا کہ عوام سے گزارش ہے کہ متاثرہ علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کریں۔

خیال رہے کہ کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں 17 سے 19 اگست تک شدید بارشوں کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور اسلام آباد میں 17 سے 19 اگست کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

سندھ کے مختلف اضلاع میں 17 سے 21 اگست تک موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 17 سے 21 اگست تک بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دریاؤں، ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، سیاحوں کو پہاڑی علاقوں کا سفر مؤخر کرنے اور انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں خیبرپختونخوا کے سیلاب اور بارشوں سے متاثر اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

https://urdu.arynews.tv/heavy-rainfall-predicted-for-karachi-2/