بھارتی پنجاب میں چلتے ٹرک میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں اس میں موجود 7 ہزار چوزے زندہ جل گئے تاہم خوش قسمتی سے ڈرائیور محفوظ رہا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ دردناک حادثہ گزشتہ شب پنجاب کے کھنہ نیشنل ہائی وے پر پیش آیا جہاں ٹرک کے پچھلے حصے میں لگی جس کا علم ڈرائیور کو نہ ہوسکا۔ ساتھ گزرنے والی گاڑی سوار افراد کے شور مچانے پر ڈرائیور اور اس کے ساتھی نے ٹرک سے نکل کر اپنی جان بچائی۔
رپورٹ کے مطابق جب تک فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پہنچیں، تب تک ٹرک پوری طرح آگ کی زد میں آ چکا تھا۔ فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے جب آگ پر قابو پایا تو اس کے اندر موجود تمام چوزے زندہ جل کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکے تھے۔
ٹرک ڈرائیور ابھشیک نے بتایا کہ وہ کرنال سے مرغیوں کے 7000 چوزے لاد کر جموں و کشمیر جا رہا تھا۔ جیسے ہی وہ کھنہ جی ٹی روڈ پر پہنچا تو ٹرک کے پیچھے اچانک آگ لگ گئی۔ آگ کی وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ ڈرائیور نے وہاں موجود لوگوں کا شکریہ ادا کیا جن کی وجہ سے وہ آگ سے بچ پایا۔
ابھشیک نے کہا کہ اگر لوگ مجھے آواز نہ لگاتے تو شاید میری جان بھی جا سکتی تھی۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ جیسے ہی اس نے ٹرک روکا تو وہاں موجود لوگوں نے اپنے اپنے طریقے سے آگ کو بجھانے کی کوشش کی۔ کسی نے مٹی ڈالی تو کسی نے پانی، لیکن آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا۔
حادثے کے حوالے سے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹرک کے پچھلے حصے میں آگ لگی تھی جو دیکھتے ہی دیکھتے پھیلی۔ اس آتشزدگی سے ٹرک ڈرائیور لاعلم تھا اس کو پتہ اس وقت چلا جب ہم نے شور مچا کر اسے آگاہ کیا ورنہ اس کی جان جا سکتی تھی۔