پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور نے کہا ہے کہ سندھ کیلئےنیک نیتی کیساتھ پہلےکی طرح کام کریں گے نیک نیتی سے ایم کیوایم کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے انتخاب کے بعد ایوان میں اظہارخیال کرتے ہوئے فریال تالپور نے کہا کہ الیکشن ہوتےرہیں گے ہم نے اسی دھرتی پر رہنا ہے ہم اسی دھرتی پر رہیں گے اور اپنے لوگوں کا کام کریں گے آئندہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر اس سے زیادہ سیٹیں جیتیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ساتھ لےکر چلنے والوں میں سے ہیں ہم صوبے اور وطن کیلئےکام کرنا چاہتے ہیں ہم نے اتنی آسانی سے سیٹیں نہیں جیتیں، مشکل وقت دیکھا ہمارے ایم پی ایز نے مسکرا کر نہیں لڑ کر نشستیں جیتیں۔
شرجیل میمن نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے پیپلزپارٹی کو ووٹ اور بھاری مینڈیٹ دیا ہے عوام جانتے ہیں پی پی کے نمائندے مشکل وقت میں عوام میں ہوتے ہیں جو آج دھرنوں پر بیٹھے ہیں وہ مشکل وقت میں گھروں میں بیٹھے ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کا دل جیتنا چاہتے ہیں تو ان کے ساتھ موجود ہونا لازمی ہے پیپلزپارٹی کی لیڈرشپ نے قربانیاں دی ہیں۔