ایم کیو ایم پاکستان نے وزیراعظم سے دبئی ملاقاتوں، اسمبلیوں کی تحلیل سمیت نگراں حکومتوں پراعتماد میں نہ لینے کا شکوہ کردیا، خالد مقبول کی قیادت میں وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیو ایم پاکستان کا وفد وزیراعظم سے ملاقات کرنے وزیراعظم ہاؤس پہنچا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے دبئی میں ہونے والی ملاقاتوں اور اسمبلیوں کی تحلیل سمیت نگراں حکومتوں پراعتماد میں نہ لینے کا شکوہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان بھی ملاقات ہوئی، وفد میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، ڈاکٹر فاروق ستار اور مصطفی کمال بھی شامل ہیں۔
ایم کیو ایم کے وفد نے مردم شماری اور ووٹر لسٹوں کے حوالے سے بھی تحفظات سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے تمام فیصلوں میں ایم کیو ایم کو شامل کرنےکی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام اتحادی جماعتوں کو ہر فیصلے میں شامل کیا جائے گا اور انھیں اعتماد میں لیا جائے گا۔