کراچی: وزیر اعظم شہباز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد کی ملاقات کا احوا سامنے آگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف آج کراچی کے ایک روزہ دورے پر ہیں جہاں ایم کیو ایم وفد نے ان سے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے ملاقات میں عام انتخابات اور مردم شماری پر تحفظات پھر وزیر اعظم کے سامنے رکھ دیے۔ جس پر شہباز شریف نے یقین دہانی کروائی کہ ابھی فیصلہ نہیں ہوا کہ عام انتخابات نئی یا پرانی مردم شماری پر ہوں گے۔
وزیر اعظم نے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ عام انتخابات کا فیصلہ ایم کیو ایم کو اعتماد میں لے کر کریں گے، نگراں حکومت کے حوالے سے بھی فیصلہ اتحادی جماعت کو اعتماد میں لے کر کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ محرم کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف سے ایم کیو ایم پاکستان کی ایک اور ملاقات متوقع ہے۔