کراچی : متحدہ بانی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کراچی سے اسلام آباد منتقل کردیا گیا، وزارت داخلہ نے کیس اسلام آباد منتقلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد کے خلاف چلنے والا ایم کیو ایم کی فلاحی تنظیم خدمتِ خلق فاؤنڈیشن کے نام پر منی لانڈرنگ کیس اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔
مذکورہ کیس اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں منتقل کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے یہ کیس اسلام آباد منتقل کرنے کی سفارش کی تھی۔
جس کے بعد وزارت داخلہ نے کیس اسلام آباد منتقلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، کیس کی سماعت اے ٹی سی کے جج شاہ رخ ارجمند کریں گے۔
مزید پڑھیں: کے کے ایف منی لانڈرنگ کیس ، بانی ایم کیوایم اور دیگر کےخلاف ثبوت مل گئے
واضح رہے کہ بانی ایم کیوایم اور دیگر کیخلاف کے کے ایف کے ذریعے منی لانڈرنگ کرانے کے ٹھوس ثبوت حاصل کرلیے گئے۔ رپورٹ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں جمع کرادی گئی۔
رپورٹ میں عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ بانی ایم کیو ایم کے خلاف ٹھوس شواہد حاصل کرلیے گئے ہیں، شواہد کی تصدیق برطانیہ سے کرائی جارہی ہے۔