ایم کیو ایم رہنما کنور نوید جمیل انتقال کرگئے

کنور نوید جمیل

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کنور نوید جمیل 60 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور سابق ایم این اے کنور نوید جمیل طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے، وہ برین ہیمرج کے باعث کئی ماہ سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

گزشتہ دنوں طبیعت بگڑنے پر کنور نوید جمیل کو اسٹیڈیم روڈ پر نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ کنور نوید جمیل سابق میئر حیدرآباد اور ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر بھی رہ چکے ہیں، ان کے پاس ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم کا عہدہ بھی تھا۔

کنور نوید جمیل 15مارچ 1964 کو کراچی میں پیدا ہوئے، وہ 1990 کو پہلی بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، 2002 میں رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔

2005 میں انہوں نے صوبائی اسمبلی سے استعفیٰ دیا اور ضلع حیدرآباد کے میئر کے طور پر منتخب ہوئے۔

کنور نوید جمیل 2015 میں دوبارہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، 2015 کے انتخابات میں انہوں نے عمران اسماعیل کو شکست دی تھی جبکہ 2018 میں وہ پھر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور ایم کیو ایم رہنماؤں کی جانب سے کنور نوید جمیل کے انتقال پر اظہار افسوس کیا گیا ہے اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی ہے۔