کراچی میں سحر و افطار میں گیس کی بندش کو فی الفور بند کیا جائے، ایم کیو ایم

گیس لوڈشیڈنگ

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے اراکینِ قومی اسمبلی نے کراچی کے مختلف علاقوں میں سحر و افطار کے اوقات میں گیس کی غیر اعلانیہ بندش پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ایم کیو ایم رہنماؤں نے وفاقی، صوبائی حکومتوں اور اوگرا سے مطالبہ کیا ہے کہ غریب عوام پہلے ہی مہنگائی اور بے روزگاری کے عفریت سے نبرد آزما ہے لہٰذا سحر و افطار میں گیس کی بندش کو فی الفور روکنے کیلیے سدباب کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو اذیت میں ڈالنا شاید توانائی فراہم کرنے والے اداروں کا وطیرہ بن چکا ہے، سحر و افطار کے دوران گیس کی بندش سے گھریلو خواتین متاثر ہو رہی ہیں، غیر اعلانیہ بندش کا براہِ راست اثر امور خانہ داری پر پڑتا ہے جس سے عوام کی ذہنی اذیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی محصولات کی مد میں وفاق اور صوبے کو رقم ادا کرتا ہے اُس کے عوض اِس شہر کو سہولیات کے نام پر سوائے تسلیوں کے کچھ نہیں دیا جاتا، توانائی فراہم کرنے والے ادارے بھاری بلوں کی مد میں بھتہ وصول کر کے غریب عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں۔