کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی اسامہ قادری کو بھتے کی کال موصول ہوئی ہے.
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما کو بھتے کی کال موصول ہوئی اور دھمکیاں دی گئیں، اسامہ قادری کے مطابق واٹس ایپ پر دبئی نمبرسے بھتے کی کال اور میسجز موصول ہوئے.
اسامہ قادری کے مطابق انھیں 25 لاکھ روپے امریکی ڈالرکی شکل میں ساؤتھ افریقا بھیجنے کا کہا گیا، میسج میں رقم نہ دینے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں.
ایم این اےاسامہ قادری کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق وزیرمملکت برائے داخلہ کو ایک ہفتہ قبل آگاہ کیا، کمشنرکراچی کو بھی آگاہ کردیا، مگر نہ تو سیکیورٹی دی گئی، نہ ہی کوئی مؤثرکارروائی ہوئی.
ان کا کہنا تھا کہ جان سے مارنےکی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، فوری سیکیورٹی دی جائے.
مزید پڑھیں: علی رضا عابدی قتل کیس، لندن، ساؤتھ افریقا نیٹ ورک ملوث ہوسکتا ہے، ایس ایس پی
واضح رہے کہ اسامہ قادری ایم کیوایم کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے حلقہ 253 سےرکن منتخب ہوئے ہیں.
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں ایم کیو ایم کے سابق رکن اسمبلی علی رضا عابدی کو ان کے گھر کے باہر فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا.
خیال رہے کہ علی رضا عابدی کی جان کو بھی خطرات لاحق تھے اور انھیں دھمکیاں مل رہی تھیں.