کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کنور نوید جمیل نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی والے نہیں چاہتے کہ کوئی کراچی کے لوگوں کی خدمت کرے۔
یہ بات انہوں نے سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ہمیشہ سے یہی طریقہ کار رہا ہے کہ اقتدار میں آؤ اور کرپشن کرو۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں سندھ اسمبلی میں بات کرنے نہیں دی جاتی، ہمیں بات کرنے دی جائے ہم کراچی کے اہم اور بنیادی مسائل پر بات کرنا چاہتے ہیں۔
کنور نوید جمیل نے کہا ہے کہ مشرف دور کے اختیارات نہیں دینے تو نہ دیں، دنیا کے دیگر شہروں کے میئروں کے اختیارات دیے جائیں۔
متحدہ رہنما کا مزید کہنا تھا کہ یہ لوگ سندھ اسمبلی میں بات کرنے کی اجازت دینے کو تیار نہیں، اب یہی آپشن رہ گیا ہے کہ سندھ حکومت کے خلاف احتجاج شروع کردیں۔
اس موقع پر متحدہ رہنما محمد حسین نے بھی صوبائی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ حکومت سندھ کے وزراء مسلسل جھوٹ بولتے رہے، انہوں نے بل پر اپوزیشن سے کبھی مشاورت نہیں کی۔
محمدحسین کا کہنا تھا کہ اگر حکمران ہم سے مشاورت کررہے ہوتے تو اس متنازعہ بل پر سندھ اسمبلی میں کمیٹی بناتے جو نہیں بنائی گئی۔