وفاقی وزیر برائے بحری امور فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم دبئی کی سیاست کراچی لے کر آئے گی، کے پی ٹی کی زمینوں پر قبضے کے خلاف جلد آپریشن کا بھی عندیہ دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے بحری امور فیصل سبزواری نے کے پی ٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دبئی کی سیاست ہو رہی ہے لیکن ایم کیو ایم دبئی کی سیاست کراچی لے کر آئے گی۔
فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ کے پی ٹی کی زمینوں پر قبضے کے خلاف جلد آپریشن کیا جائے گا، کے پی ٹی کی زمینوں پر قبضے کو ختم کرانے کے لیے نیا جنرل منیجر رکھا جا رہا ہے، پی ٹی آئی 1100 ارب روپے سے 11 ارب بھی لگا دیتی تو کراچی کو کچھ سہولت ملتی، موجودہ بجٹ 4 سے 6 ماہ کے لیے ہے، نئی حکومت آئے گی اور اپنا بجٹ دے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ادارے کی ترقی کی بات کی ہے، میں نے کسی بھی عہدے پر اپنی جماعت سے لاکر بندوں کو نہیں بٹھایا، بورڈ آف ٹرسٹی میں وہ لوگ شامل ہیں جو تین بار قومی اسمبلی میں رہ چکے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ2021 میں وزیراعظم سے کہا کہ 2012 کا مقدمہ ملازمین جیت چکے ہیں، وزیراعظم سے کہا کہ حکومت کو ملازمین کے خلاف مزید اپیل میں نہیں جانا چاہیے، فروغ نسیم نے اس وقت ان کو سمجھایا کہ آپ کیس ہار جائیں گے، ہم نے پہلا کام یہ کیا کہ آپ کی رکی ہوئی تنخواہوں میں اضافے کو بحال کیا۔