پیپلزپارٹی جواب دے 3 سے 7 نشستیں کیسے ہوگئیں؟ خالد مقبول صدیقی

خالد مقبول

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی جواب دے کہ آپ کی کیسے 3 سے 7 نشستیں ہوگئیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کو ہمارے انتخابی نتائج پر بڑی تکلیف ہے یہ کچے کے ڈاکوؤں کو ایوانوں میں لاسکتے ہیں، ہم تو اپنی تین نشستوں کی کمی کا رونا نہیں رو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھمکی آمیز لہجہ پاکستان کو مشکل ترین حالات میں دھکیل رہا ہے، اس رویے سے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے اگر اسٹیبلشمنٹ اپنے اوپر لگے الزامات کی وضاحت دینے آگئی نہ تو سب چھٹی پر چلے جائیں گے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ بہت سے لوگوں کو خدشات تھے کہ انتخابات پر وقت پر نہ ہوسکیں، ہمارے دفاعی اداروں نے ذمہ داری لی اور کسی حد تک پرامن انتخابات ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے سندھ کے شہری علاقوں میں اپنے مینڈیٹ کی نگرانی کی، سکھر، نوابشاہ، میرپورخاص میں 15 سال کا تسلط ابھی ختم نہیں ہوا لیکن آنے والے دنوں میں ان شہروں سے ایم کیو ایم کو دوبارہ مینڈیٹ ملے گا۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ 2018 سے تو ہر حالت میں بہتر انتخابات ہوئے ہیں، توقعات ہماری بھی زیادہ تھیں مگر جو سیٹیں ملیں اس پر شکر ادا کیا۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست ہے کہ تحمل سے کام لیں یہ وقت آگ لگانے کا نہیں بجھانے کا ہے، یہ مسائل حل کرنے کا وقت ہے، ہم سب کو بیٹھ کر قومی مفاہمتی پیکیج تیار کرنا چاہیے، ایسا پیکیج تیار کرنا چاہیے جس میں میثاق معیشت، جمہوریت بھی ہو۔