ایم کیو ایم پاکستان نے جشن آزادی کے حوالے سے عشرہ آزادی منفرد انداز سے منانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں علما مشائخ اور صوفیائے کرام کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کا 76 ویں یوم آزادی کے سلسلے میں ایم کیو ایم پاکستان نے عشرہ آزادی کو منفرد انداز سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر علما مشائخ اور صوفیائے کرام کو خراج تحسین پیش کرنے اور تحریک پاکستان میں ان کے کردار سے نئی نسل کو آگاہ کرنے کے لیے کنونشن منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایم کیو ایم نے ’’تحریک پاکستان میں علما ومشائخ کے کردار‘‘ کے موضوع پر منعقد کیے جانے والے کنونشن کے لیے مختلف مذہبی جماعتوں کے اکابرین اور علما سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سینیئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے مہتمم جامعہ بنوریہ مفتی نعمان نعیم، مہتمم جامعہ صفہ مفتی محمد زبیر، سربراہ پاکستان سنی تحریک ثروت اعجاز قادری اور چیئرمین المصطفیٰ ویلفیئر حاجی محمد حنیف طیب سے ملاقاتیں کیں اور انہیں علما کنونشن میں شرکت کی دعوت دی جب کہ رابطہ کمیٹی اور مذہبی امور کمیٹی کے ممبران کی علما ومذہبی اکابرین سے ملاقاتیں جاری ہیں۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ تحریک پاکستان میں علما، مشائخ اور صوفیا کا کردار کلیدی ہے۔ قائد اعظم نے بھی تعمیر پاکستان کے لیے ہر موقع پر علما اور صوفیا سے مشاورت جاری رکھی۔
اس موقع پر علمائے کرام نے کہا کہ پہلی مرتبہ کسی سیاسی جماعت نے تحریک پاکستان میں علما کے کردار کو عوام الناس میں پیش کرنے کا قدم اٹھایا ہے۔ علما اور مذہبی اکابرین نے مردم شماری پر جدوجہد کے نتیجے میں کراچی کی آبادی بڑھنے پر متحدہ کی قیادت کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام الناس کے لیے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کرنے میں ان کے شانہ بشانہ رہیں گے۔