لاہور : سی ایم انسپیکشن ٹیم نے اسد کھوکھر کے بھائی مبشرکھوکر کے قتل کے واقعے میں سیکیورٹی میں غفلت برتنے والوں کیخلاف انکوائری شروع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بھائی مبشرکھوکر کےقتل کے معاملے پر سیکیورٹی میں غفلت برتنے والوں کیخلاف انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ایم انسپیکشن ٹیم تحقیقات کررہی ہے، ایس پی آپریشنز کینٹ ،ایس پی سیکیورٹی ، ڈی ایس پی ، ایس ایچ او ڈیفنس نے اپنے بیانات ریکارڈ کروادیئے ہیں۔
اسپیشل برانچ کی جانب سےایس ایس پی وی وی آئی پی سے بھی جواب طلب کیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ کے سیکیورٹی اسٹاف کو بھی بیانات قلمبند کروانے کیلئے طلب کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انکوائری مکمل کر کےرپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کوپیش کی جائے گی۔
یاد رہے گذشتہ ہفتے وزیر اعلیٰ پنجاب کی موجودگی میں شادی کی تقریب میں فائرنگ کے واقعے میں نامزد وزیر اسد کھوکھر کے بھائی جاں بحق ہوگئے تھے۔
حملہ آوروں نے وزیر اعلیٰ کی گاڑی کے بالکل قریب آ کر فائرنگ کی تھی، جس پر وزیر اعلیٰ کی سیکیورٹی نے حملہ آور کو پکڑ لیا تھا، پولیس کا کہنا تھا کہ اسد کھوکھر کے بھائی کو ٹارگٹ کر کے ان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والا شخص پکڑا جا چکا ہے اور اس کا نام ناظم ہے اور وہ مانا والا کا رہائشی ہے، جب کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والے دوسرے شخص کی شناخت عمر مظہر کے نام سے ہوئی ہے۔