تیسرا ون ڈے : میچ 40 اوور تک ہمارے ہاتھ میں تھا، کپتان محمد رضوان

محمد رضوان

ٹاروبا : (13 اگست 2025) قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ویسٹ انڈیز سے ہونے والی عبرتناک شکست پر کہا ہے کہ میچ 40ویں اوور تک ہمارے ہاتھ میں تھا۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلی جانے والی سیریز میں شکست کھانے والی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز نے آخری 10اوور میں ہم سے مومنٹم چھین لیا، جانتے ہیں کہ ہمارے پاس 5 بولر پورے نہیں ہیں۔

تیسرے ون ڈے میچ میں شکست کی وجہ بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی 3وکٹیں گنوانا میچ میں ہماری ناکامی کی بنیادی وجہ بنا، البتہ شائے ہوپ نے زبردست اننگز کھیلی، انہیں اس جیت کا کریڈٹ جاتا ہے۔

 مزید پڑھیں : تیسرے ون ڈے میچ ویسٹ انڈیز  نے پاکستان کو ہرا کر سیریز جیت لی

واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز کالی آندھی نے اپنے نام کرلی۔

ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو تیسرے اور آخری میچ میں 202 رنز سے عبرتناک شکست دے کر 34 سال بعد پاکستان سے ایک روزہ سیریز جیت لی۔

ٹاروبا میں کھیلے گئے میچ میں پوری قومی ٹیم 295 رنز کے تعاقب میں 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔صرف پاکستان ٹیم کے نائب کپتان سلمان آغا49 گیندوں پر 30 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ محمد نواز 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

میزبان ٹیم کی جانب سے جیڈن سلز نے 6 وکٹیں لے پاکستانی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے۔ گداکیش موتی نے 2 اور روسٹن چیز نے 1 وکٹ حاصل کی۔