پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد یوسف کا کہنا ہے کہ ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ورلڈ کپ جیت کر آئیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد یوسف نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم انڈر 19 ورلڈ کپ کھیلنے جا رہی ہے اور یہ ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ کسی بھی ٹیم کو کمزور حریف نہیں سمجھیں گے اور ہماری کوشش ہو گی کہ ورلڈ کپ جیت کر آئیں۔
محمد یوسف نے کہا کہ انڈر 19 کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ موجود ہے اور انہوں نے ایشیا کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس میں انڈیا کو 8 وکٹوں جب کہ افغانستان کو 83 رنز سے ہرایا۔
انہوں نے کہا کہ سخت سردی کے باوجود کھلاڑیوں نے اچھی پریکٹس کی، ہمیں دیکھنا ہے کھلاڑی میں صلاحیت کتنی ہے۔ بعض اوقات بہت اچھا کرکٹر ہوتا ہے مگر فی الوقت وہ پُر فارم نہیں کر پاتا۔
جونیئر ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ سیکھنے سے کارکردگی میں بہتری آتی ہے۔ سابق کرکٹرز کو نئے کھلاڑیوں کی تربیت کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ انڈر 19 ورلڈ کپ رواں ماہ 13 جنوری سے 4 فروری تک سری لنکا میں کھیلا جا رہا ہے۔ ایونٹ میں 16 ٹیمیں شرکت کر رہیں۔
پاکستان گروپ ڈی میں شامل ہے جس میں اس کے علاوہ افغانستان، نیوزی لینڈ اور نیپال کی ٹیمیں شامل ہیں۔