یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، صدر و وزیر اعظم کے پیغامات

یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، صدر و وزیر اعظم کے پیغامات

ملک بھر میں یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے پیغام کیا ہے۔

نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے جاں نثاروں کی عظیم قربانی کی یاد میں عاشورہ محرم کے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ کراچی میں ایم اے جناح روڈ کو سیل کر دیا گیا ہے، لاہور میں شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہو کر روایتی راستے پر رواں دواں ہے۔

پشاور، اسلام آباد اور کوئٹہ میں بھی انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہزاروں پولیس اہلکار اور نیم فوجی دستے عزاداروں کی حفاظت پر مامور ہیں۔

کراچی میں دس محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا جو ایم اے جناح روڈ تبت سینٹر سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر ختم ہوگا۔

کوئٹہ اور پشاور سمیت چھوٹے بڑے تمام شہروں سے یوم عاشور کے جلوس برآمد ہوں گے، یوم عاشور پر موبائل فون سروس بند رکھی جائے گی۔

اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشور قربانی، صبر اور حق گوئی کا درخشاں باب ہے، حضرت امام حسینؓ کی شہادت باطل کے خلاف ابدی جدوجہد کی علامت ہے، کربلا صرف میدان جنگ نہیں، ضمیر اور دین کی اصل روح کا امتحان تھا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ امام عالی مقام کا مشن صداقت، عدل اور خدا کی رضا پر مبنی تھا، نواسہ رسولؐ نے ظلم و جبر کے سامنے نہ جھکنے کا درس دیا، قربانی اور وفا کی جو مثال کربلا میں قائم ہوئی وہ رہتی دنیا تک یاد رہے گی، آج ہمیں بطور قوم حسینی کردار اپنانے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں 9 محرم کے مرکزی جلوس اور مجالس

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے نظام کو ایمانداری، عدل اور فلاح عامہ پر استوار کرنا ہوگا، پاکستان کو امام حسینؓ کے پیغام حریت و عدل کا مظہر بنائیں گے، بھائی چارے، رواداری اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا، اللہ ہمیں امام حسینؓ کے راستے پر چلنے کی توفیق دے، اللہ پاکستان کو خوشحال، مستحکم اور محبت کا گہوارہ بنائے۔

ادھر، وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشور تاریخ اسلام کا ایک عظیم اور سبق آموز دن ہے، یہ صبر، قربانی اور اصولوں پر ڈٹے رہنے کی مثال عطا کرتا ہے، ان کی مثال قیامت تک انسانیت کے ضمیر کو روشنی دکھاتی رہے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میدان کربلا کا معرکہ رہتی دنیا تک ایک دائمی پیغام ہے، حضرت امام حسینؓ نے خاندان ارو جانثار رفقا کے ہمراہ سچائی کیلیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، حضرت امام حسینؓ نے عدل اور دین کی سر بلندی کیلیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اسلام کی اصل روح انسانی وقار، عدل، رحم، اصول پرستی اور حریت میں پنہاں ہے، حق کا راستہ کٹھن ہے لیکن یہی وہ راستہ ہے جو اللہ تعالیٰ کی رضا کا ذریعہ بنتا ہے، حضرت امام حسینؓ کا پیغام صرف ان کے زمانے تک محدود نہیں بلکہ ایک ہمہ گیر پیغام ہے، حضرت امام حسینؓ کا پیغام ہمیں باور کراتا ہے مسلمان حق کیلیے کھڑا ہوتا ہے۔

’آج جب ہماری قوم کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ ہمیں حضرت امام حسینؓ کی سیرت سے رہنمائی لینے کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ ہمیں اپنی قومی زندگی میں دیانت، برداشت اور صبر کو جگہ دینا ہوگی۔ ہمیں اپنی قومی زندگی میں قربانی اور اصول پسندی جیسے اوصاف کو جگہ دینا ہوگی۔‘

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی پوری امت مسلمہ کا مشترکہ سرمایہ ہے، میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، اتحاد اور ترقی کی راہ پر گامزن رکھے، دعا ہے اللہ تعالیٰ پاکستان کو داخلی و خارجی فتنوں سے محفوظ فرمائے۔