تربت میں ملاعمر نامی دہشتگرد مقابلے میں مارا گیا

بلوچستان کے علاقے تربت کے قریب ایف سی سے فائرنگ کے تبادلے میں اہم دہشتگرد ہلاک ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایف سی اہلکاروں اور مطلوب دہشتگرد ملا عمر کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں اہلکاروں کی فائرنگ سے دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد ملاعمر ایران کو بھی انتہائی مطلوب تھا اور دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا۔

واقعے کے بعد دہشتگرد کے ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے، علاقے کا محاصرہ کرکے سرچنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور اطراف کے علاقوں میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 17 اکتوبر کو تربت کے قریب دہشت گردوں کی سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ سے لانس نائیک شہید اور 3 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔