ملٹی نیشنل کمپنی اپنے سی ای او کو پک اینڈ ڈراپ کیلئے پرائیویٹ جیٹ فراہم کریگی

ملٹی نیشنل امریکن کمپنی ‘اسٹاربکس’ نے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیلئے بڑی مراعات کا اعلان کردیا، پک اینڈ ڈراپ کیلئے پرائیوٹ جیٹ فراہم کیا جائیگا۔

اسٹار بکس کمپنی کافی فروخت کرتی ہے اور امریکی اس کے کافی دلدادہ بھی ہیں جبکہ دنیا کے مختلف ملکوں میں اس کے کئی آؤٹ لیٹس موجود ہیں، ادارہ اب اپنے نئے سی ای او کو گھر سے آفس تک آنے کے لیے پرائیویٹ جیٹ کی سہولت فراہم کرے گا۔

تاہم بعض حلقوں کو اسٹار بکس کی جانب سے اپنے سی ای او کو اتنی بڑی سہولت دینا پسند نہیں آیا اور اس عمل کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسٹاربکس اپنے آنے والے چیف ایگزیکٹو برائن نکول کو کمپنی کے جیٹ طیارے تک رسائی دے رہی ہے تاکہ وہ کمپنی کے ہیڈکوارٹرز تک باآسانی سفر کر سکیں، کمپنی کا ہیڈکوارٹرز امریکی شہر سیاٹل میں ہے اور برائن نکول نیوپورٹ بیچ میں رہتے ہیں۔

کمپنی کے ہیڈکوارٹر سے نکول کے گھر کا فاصلہ تقریباً 1600 کلومیٹر سے زیادہ ہے، برائن نکول کو پیش کردہ آفر لیٹر میں اسٹاربکس نے کہا ہے کہ نکول کو نقل مکانی کی ضرورت نہیں، اس کے بجائے کمپنی کیلی فورنیا کے شہر نیوپورٹ بیچ میں ایک چھوٹا سا دفتر قائم کرے گی۔

اسٹار بکس نے آفر لیٹر میں کہا کہ نکول اپنے شہر اور کمپنی کے ہیڈکوارٹرز کے درمیان سفر کے لیے کمپنی کے ہوائی جہاز کو استعمال کرنے کے اہل ہوں گے۔

اسٹاربکس کی ہائبرڈ ورک پالیسی کے تحت اس کے سیاٹل کے ہیڈکوارٹرز کے ایسے ملازمیں جو اتنے فاصلے پر رہتے ہوں جہاں سے سفر ممکن ہو، انھیں کم از کم تین دن دفتر سے کام کرنا ہوتا ہے، نکول بھی ان اصولوں پر عمل کریں گے۔

ملٹی نیشنل کمپنی کے ترجمان انڈریو ٹرل نے کہا کہ برائن کا زیادہ تر وقت ہمارے سیاٹل سپورٹ سینٹر یا ہمارے اسٹورز اور دنیا بھر میں ہمارے دفاتر میں وزٹ کرنے والے شراکت داروں اور صارفین کے ساتھ گزرے گا۔

ترجمان نے بتایا کہ برائن کا شیڈول ہائبرڈ کام کرنے کے رہنما اصول کے تحت ہوگا، یہ شیڈول ورک پلیس کی توقعات کو پورا کرے گا۔

نکول اس سے قبل ریستوران چین چپوٹلے میکسیکن گرل کے سی ای او رہ چکے ہیں، انھوں نے اپنی سابق کمپنی کا ہیڈکوارٹر ڈینور سے نیوپورٹ بیچ منتقل کیا تھا۔