نیویارک: اقوام متحدہ میں نئے پاکستانی مستقل مندوب منیراکرم نے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریز کو اپنی سفارتی اسناد پیش کردیں۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر میں سفارتی اسناد پیش کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، اس موقع پر پاکستان کے نئے مندوب نے اپنی سفارتی اسناد یو این سیکرٹری جنرل کو پیش کیں۔
اس موقع پر انتونیو گوتیرز کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کا ایک اہم رکن ہے، نئے مستقل مندوب کا استقبال کرکے خوشی محسوس ہورہی ہے، امید ہے منیر اکرم تعلقات کو مزید بہتر بنائیں گے۔
نئے مندوب سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں بھی سنہ 2002 سے 2008 تک اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی حیثیت سے اپنے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔
خیال رہے کہ سنہ 2008 میں پیپلز پارٹی کی حکومت کی جانب سے بینظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات اقوام متحدہ سے کروانے کے معاملے پر منیر اکرم کے پیپلز پارٹی سے اختلافات پیدا ہو گئے تھے جس کے بعد انھیں عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو ہٹایا نہیں گیا، ان کی مدت ملازمت مکمل ہوچکی تھی، ترجمان دفترخارجہ
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں ملیحہ لودھی کی جگہ منیر اکرم کو پاکستان کا مستقل مندوب مقرر کیا تھا۔
اس حوالے سے ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ دنیا کے سب سے اہم فورم پر ملک کی نمائندگی کرنا ان کیلیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے نئے مستقل مندوب منیراکرم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کے دورے کے موقع پر ملنے والی پذیرائی پر بے حد ممنون ہیں۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر ملیحہ لودھی سینئر سفارت کار رہی ہیں اور انہیں دسمبر2014 میں اقوام متحدہ میں مستقل مندوب تعینات کیا گیا تھا اور انہوں نے فروری 2015 سے ذمہ داریاں سنبھالیں تھیں۔