منیب بٹ کے گھر پر دھماکے کے بعد شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے فنکاروں کا ان کے ساتھ رویہ کیسا تھا، اداکار نے بتادیا۔
حالیہ انٹرویو میں اس واقعے کے حوالے سے بتاتے ہوئے معروف اداکار منیب بٹ کا کہنا تھا کہ انسان کو کبھی بھی مادی چیزوں کے ساتھ خود کو منسلک نہیں کرنا چاہیے۔ انھوں نے اس مشکل وقت میں شوبز انڈسٹری کی جانب سے دلاسے اور تعاون پر سب کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ 20 فروری 2022 کو کراچی کے فیڈرل بی ایریا بلاک 10 میں واقع منیب بٹ اور ایمن خان کے گھر کی سیوریج لائن میں دھماکہ ہوا تھا جس سے دیوار گر گئی تھی اور گھر کو کافی نقصان پہنچا تھا۔ واقعے میں ایک گھریلو ملازم اور دو بچے معمولی زخمی ہوئے۔
منیب بٹ نے اس وقت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انسانوں کو اس دنیا میں کبھی بھی مادی چیزوں سے خود کو منسلک نہیں کرنا چاہیے۔ جب کوئی واقعہ ہوتا ہے اور آپ ان قیمتی چیزوں کو کھو دیتے ہیں تو آپ پر بہت گہرا اثر پڑتا ہے۔
اداکار نے مزید کہا اس واقعے کے بعد مجھے پتا چلا کہ ہماری انڈسٹری میں میرے بہت سے خیر خواہ اور دوست ہیں، اللہ نے مجھے بہت عزت دی ہے۔
انھوں نے بتایا دھماکے کے بعد تمام سیاسی جماعتوں کی مقامی قیادت بھی مجھ سے ملنے آئی تھی۔ منیب نے یہ بھی انکشاف کیا کہ جب دھماکہ ہوا تو انھوں نے اور ایمن نے اپنے نئے فرنشڈ گھر میں بمشکل دو مہینے گزارے تھے۔
منیب نے کہا کہ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے کئی اداکاروں نے انھیں مدد کی پیشکش کی۔ اس دوران عبداللہ قریشی نے میرے فیملی کے لیے ہوٹل بک کروایا تھا۔