ممبئی: بالی وڈ سُپر اسٹار سلمان خان اور نامور اداکارہ کرینہ کپور کی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ میں ’منّی‘ نامی کم عمر لڑکی کا کردار نبھانے والی ہرشالی ملہوترا کی تازہ جھلک نے ہر کسی کو حیران کر دیا۔
جب وہ روئی تو ہم سب روئے، جب وہ مسکرائی تو ہمارے دل بھی مسکرا دیے۔ ہرشالی ملہوترا نے فلم میں ایک جملہ بھی نہیں کہا مگر کمسن اسٹار کی آنکھیں بہت کچھ کہہ گئیں۔ انہوں نے صرف 7 سال کی عمر میں بالی وڈ میں قدم رکھا تھا اور ’بجرنگی بھائی جان‘ ان کی پہلی فلم تھیں۔
ہرشالی ملہوترا اُن 2 ہزار لڑکیوں میں شامل تھیں جنہوں نے فلم میں ’منّی‘ کے کردار کیلیے آڈیشن دیا تھا۔ اسکرین پر ہرشالی نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی تھی لیکن بتایا جاتا ہے کہ وہ حقیقت میں ایسی نہیں ہیں۔
آڈیش کے وقت ہرشالی کی والدہ نے بتایا تھا کہ وہ تھوڑی دیر کیلیے بھی خاموش نہیں رہ سکتی، فلم ڈائریکٹر نے مجھ سے کہا تھا کہ میں پریشان ہوں شوٹنگ کے دوران کیسے چُپ رہے گی؟
سوشل میڈیا پر ہرشالی ملہوترا کی تازہ جھلک دیکھ کر لوگ حیران ہیں۔ حال ہی میں اداکارہ کو نٹراج گوپی کرشنا کے کتھک انسٹی ٹیوٹ نٹشور بھون کے باہر دیکھا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہرشالی ملہوترا فی الحال معروف اداکار انوپم کھیر کے اسکول سے اداکاری کا ہنر سیکھ رہی ہیں۔ ان کی عمر 14 سال ہے۔