کراچی: سندھ اسمبلی کے اٹھائیسویں نو منتخب وزیرِ اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے دوسری مرتبہ عہدے کا حلف اٹھا لیا، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی ان سے حلف لیا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریبِ حلف برداری میں سندھ اسمبلی کے نو منتخب وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا کر دوسری مرتبہ وزیرِ اعلیٰ بننے کا اعزاز حاصل کر لیا، ان کے والد سید عبد اللہ شاہ بھی اسی منصب پر فائز رہے۔
قبل ازیں گورنر ہاؤس سندھ میں مہمانوں کی بڑی تعداد آئی، تقریبِ حلف برداری میں بلاول بھٹو، بختاور بھٹو، خورشید شاہ اور قمر زمان کائرہ سمیت متعدد رہنماؤں نے شرکت کی۔
مراد علی شاہ کی وزارتِ اعلیٰ کی ٹائم لائن
- 16 اگست 2018 کو پاکستان پیپلز پارٹی کے سید مراد علی شاہ نے وزارتِ اعلیٰ سندھ کے انتخاب کے مقابلے میں 97 ووٹ حاصل کیے جب کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے شہر یار مہر کو 61 ووٹ ملے۔
- اس سے قبل 29 جولائی 2016 کو مراد علی شاہ نے 88 ووٹ لے کر تحریکِ انصاف کے خرم شیر زمان کو شکست دی اور وزارتِ اعلیٰ کا حلف اردو زبان میں اٹھا کر سب کو حیران کیا، خرم شیر زمان نے صرف 3 ووٹ حاصل کیے۔
- 5 اگست 2016 کو نو منتخب وزیرِ اعلیٰ نے وزرا اور افسران کو وقت کی پابندی کرنے کے لیے دفتر پہنچنے کے فوراً بعد سیلفی بھیجنے کی ہدایت کی، اس مقصد کے لیے واٹس ایپ پر ایک گروپ بھی بنایا گیا۔
- 6 اگست 2016 کو انھوں نے لاہور میں اپنے ہم شکل عرفان حیدر شاہ کاظمی کو فون کر کے کراچی آنے کی دعوت دی۔
- 7 اگست 2016 کو انھوں نے ایم کیو ایم کو للکارتے ہوئے کہا ’سندھ کی تقسیم کا سوچنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔‘
- اِسی دن انھوں نے تھر میں بچوں کی اموات کو ثقافتی مسئلہ بھی قرار دیا، کہا تھر میں جلد شادیاں ہوجاتی ہیں اور کم عمر ی میں بغیر وقفے کے بچوں کی پیدایش سے یہ مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ سندھ کا یہ مسئلہ صدیوں پرانا ہے، محض اچھے اسپتال بنانے سے حل نہیں ہوگا۔
- 13 اگست 2016 کو وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کا کچرا صاف کرنے میں وقت لگے گا۔
- 21 ستمبر 2016 کو مراد علی شاہ نے صوبۂ سندھ کے 8 سالہ پارلیمانی ریکارڈ میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے مقررہ وقت سے چالیس منٹ پہلے اسمبلی پہنچے۔
- 15 فروری 2017 کو انھوں نے کہا کہ تھر میں کوئلے سے 660 میگاواٹ بجلی بنانے کے انتظامات مکمل ہیں، صحرائے تھر ملک میں توانائی کا بحران حل کرنے جارہا ہے، وزیرِ اعلیٰ نے اسی سال مئی میں اس منصوبے کا سنگِ بنیاد بھی رکھنا تھا۔
- 25 فروری 2017 کو انھوں نے اعلان کیا کہ غیر رجسٹرڈ افغانیوں کو بہت جلد واپس بھیج دیا جائے گا۔
- 27 فروری 2017 کو مراد علی شاہ نے کہا کہ سی پیک کو ہر ممکن سیکورٹی دیں گے، کہا کہ سی پیک بہت اہمیت کا حامل ہے، منصوبوں کی تعمیر کے دوران جو گھر درمیان میں آئیں گے ان کومتبادل گھر بنا کر دیں گے۔
- 21 مارچ 2017 وزیرِ اعلیٰ نے وفاق پر الزام عائد کیا کہ وفاق نے پنجاب کے دریاؤں میں غیر قانونی طور پر لنک کینال تعمیر کرکے سندھ میں پانی کا بحران پیدا کردیا ہے جس کی وجہ سے ہمارے صوبے میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔
- 16 مئی 2017 کو چین کے دورے سے واپسی پر انھوں نے کہا کہ ستمبر میں کراچی سرکلر ریلوے کے کام کا افتتاح کریں گے۔