پولیس کے ہاتھوں دبئی سے آئے نوجوان کا قتل ، ڈی ایس پی زیرِ حراست،3 ملزمان کی شناخت

شہری ہاشم قتل

کراچی : دبئی سے آئے نوجوان  ہاشم کے قتل کیس میں ڈی ایس پی قمرالزمان کو حراست میں لے لیا گیا اور ملوث 3 اہم ملزمان کے ناموں کی شناخت ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے منگھوپیر میں پولیس کی فائرنگ سے نوجوان ہاشم کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

ایک جانب ڈی ایس پی قمرالزمان کو شامل تفتیش کرکے حراست میں لے لیا گیا جبکہ قتل میں ملوث 3 اہم ملزمان کے ناموں کی شناخت ہوگئی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ شعبہ تفتیش کی جانب سے ڈی ایس پی کا بیان لیا جا رہا ہے اور بیان مکمل ہونے کے بعد گرفتار بھی کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ غیر قانونی ناکہ بندی اور فائرنگ میں ڈی ایس پی کی موبائل استعمال کی گئی ، ڈی ایس پی قمر احمداے وی ایل سی سینٹرل میں تعینات ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ڈی ایس پی قمر کے رائفل کے راونڈ کم نکلے ہیں، شہری پر فائرنگ کرنے والے جن 3 ملزمان کی شناخت ہوئی ان میں دو پولیس اہلکار ایک پرائیویٹ شامل ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ اے ایس آئی مختیار نے کی تھی جس کی حدوداورنگی ٹو ہے جب کہ مختیار کیساتھ عامر اور آصف بھی شامل تھے، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے خول ملے اور مذید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

گذشتہ روز اے وی ایل سی کی جانب سے منگھوپیر پولیس کو پولیس موبائل ہتھیار اور دیگر چیزیں سپرد کی گئی تھی۔