اجتماعی قتل کی لرزہ خیز واردات میں ملزمان نے گولیاں برسا کر ٹیچر کو خاندان سمیت موت کی نیند سلا دیا ہے۔
معاشرے کو تعلیم کی روشنی سے منور کرنے والے استاد کیہ افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش میں پیش آیا ہے جہاں امیٹھی میں جرائم پیشہ افراد نے گھر میں گھس کر ٹیچر، اس کی اہلیہ اور دو کمسن بچوں کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جمعرات کی رات شیو رتن گنج تھانہ حلقہ کے علاقے میں یہ واردات ہوئی۔ مسلح افراد گھر میں داخل ہوئے اور 35 سالہ سنیل کمار پر فائرنگ کر دی۔
گولیوں کی آواز سن کر جب بیوی اور دو کمسن بچے (بیٹا اور بیٹی) وہاں آئے تو ملزمان نے ان پر بھی اندھا دھند فائرنگ کر دی اور فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف پھیل گیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر گولیوں کا شکار خاندان کو اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے چاروں کی موت کی تصدیق کر دی۔ مقتول سنیل کمار پی ایم شری ودیالیہ پنہونا میں اسسٹنٹ ٹیچر تھا۔
ایس پی انوپ کمار سنگھ کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ مقتول نے رائے بریلی کوتوالی میں چندن ورما کے خلاف چھیڑ چھاڑ اور ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرایا تھا۔ مزید تحقیقات کر رہے ہیں کہ کہیں مذکورہ واقعے کا اس واردات سے کوئی تعلق تو نہیں ہے۔