کے الیکٹرک کے ڈپٹی منیجر کو کیوں قتل کیا؟ قاتل کا اہم انکشاف

انسانی اسمگلر کراچی

کراچی : کے الیکٹرک کے ڈپٹی منیجر کے قاتل کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم نے انکشاف کیا کہ مقتول کی بیوی اس کی دوست تھی ، جس سے وہ شادی کرنا چاہتا تھا۔

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی شعبہ تفتیش نے دہلی کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے کے الیکٹرک کے ڈپٹی منیجر کے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے قاتل گرفتارکرلیا۔

سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ رواں سال 9مئی کو اسٹیل ٹاون کے علاقے میں محمد عمران نائچ کو تیز دھار آلہ سے گلا کاٹ کر قتل کیاگیا تھا، مقتول کے الیکٹرکمیں ڈپٹی منیجر تھا۔

حکام کا کہنا تھا کہ کیس کی ابتدائی تفتیش تھانہ اسٹیل ٹاون نے کی بعدمیں تفتیش سی ٹی ڈی کومنتقل ہوئی، سی ٹی ڈی کراچی کی ٹیم نے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس ذرائع استعمال کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔

ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ مقتول کی بیوی اس کی دوست تھی ، جس سے وہ شادی کرنا چاہتا تھا، اس کی دوست کی شادی عمران نائچ سے زبردستی کروائی گئی جس کی وجہ سے انتہائی غم و غصہ تھا۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنی تسکین اور دوست سے شادی کرنے کیلئے عمران نائچ کو قتل کیا، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جس میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔