لاہور: پانچ افراد کے قتل کیس میں مطلوب اشتہاری مبینہ طور پر ملک سے فرار ہونے کی کوشش میں اسلام آباد ایئر پورٹ سے پکڑا گیا۔
اشتہاری ملزم رحیم یار خان پولیس کو مطلوب تھا جسے ایئر پورٹ پر دوران چیکنگ گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم عنایت اللہ کو رحیم یار خان پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ عنایت اللہ نے 5 سال قبل رحیم یار خان میں ساتھیوں سمیت 5 افراد کو قتل کیا تھا، رحیم یار خان پولیس نے ملزم کا ریڈ وارنٹ بھی جاری کروایا تھا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اشتہاریوں کی گرفتاری کیلیے کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ انہوں نے کہا کہ سنگین جرائم میں ملزمان کو انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں سے گرفتار کیا جائے۔
عثمان انور نے کہا کہ ایف آئی اے، انٹرپول و دیگر اداروں کے تعاون سے گرفتاری عمل میں لائی جائے، افسران سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری کی گرفتاری کیلیے آپریشنز کی نگرانی کریں۔