مری میں لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر ڈپٹی کمشنر زخمی، اسپتال منتقل

مری میں لینڈ سلائیڈنگ سے ڈپٹی کمشنر زخمی، فریکچر ہوگیا

(17 جولائی 2025) اسلام آباد سے مری کی طرف جانے والے جی ٹی روڈ پر سالگراں کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے جس کے زد میں آکر ڈپٹی کمشنر زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق مری اسلام آباد جی ٹی روڈ پر سالگراں کے مقام پر شدید لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑک کا ایک حصہ متاثر ہو گیا، جس کے نتیجے میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122، ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں، ریسکیو ٹیمیں، ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی۔

 ریسکیو حکام کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ سے ملبہ سڑک پر آ گیا ہے جسے صاف کرنے کا کام جاری ہے تاہم لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پتھر لگنے سے ڈپٹی کمشنر کا پاؤں فریکچر ہوگیا۔

راولپنڈی میں 18 گھنٹوں سے جاری بارش کا سلسلہ تھم گیا

ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقے کے دورے پر تھے، ڈی پی او آصف امین کی گاڑی چٹان کی زد میں آنے سے بال بال بچی تاہم ڈی سی آغا ظہیر عباس اس میں زخمی ہوگئے جنہیں ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

لینڈ سلائیڈنگ اور چٹان کی وجہ سے جی ٹی روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی، انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ جی ٹی روڈ کی بجائے مری ایکسپریس وے کو بطور متبادل راستہ استعمال کریں تاکہ کسی بھی پریشانی یا خطرے سے بچا جا سکے۔