اسلام آباد : نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خطرات کے باوجود عام انتخابات 8فروری کو ہی ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی جانب سے خلاف ورزی پر سنجیدہ رد عمل آئے گا، اس رد عمل کا وقت اور نوعیت متعلقہ لوگ ہی طے کریں گے۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سرحدی خلاف ورزیوں پرحکومتیں ہمیشہ دباؤمیں ہوتی ہیں ، ایران کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی غیر معمولی واقعہ ہے، وزارت خارجہ کی جانب سے ابتدائی ردعمل ہے حتمی نہیں۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ سرحدی خلاف ورزی پر حتمی ردعمل کیلئےمتعلقہ حکام سنجیدگی سےغور کر رہے ہیں تاہم دہشت گردی کے خطرات کے باوجود عام انتخابات 8فروری کو ہی ہوں گے۔
لیول پلیئنگ فیلڈ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہر جماعت چاہتی ہے لیول پلیئنگ فیلڈ ان کی مرضی کا ہو، ن لیگ کو سندھ ،پی پی کو پنجاب میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہا، ایسی ہی شکایات اے این پی، مولانا فضل الرحمان اور پی ٹی آئی کو بھی ہے۔